عمر شریف کی تجہیز و تکفین کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی، نمازِجنازہ کہاں اور کس وقت اداکی جائیگی؟ سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کراچی (پی این آئی) کامیڈی کنگ عمر شریف کو آج سپرد خاک کیا جائیگا ،اُن کی تجہیز و تکفین کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی، مرحوم کی نماز جنازہ کلفٹن کے عمر شریف پارک میں ادا کی جائیگی، نماز جنازہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی اور معروف عالم دین مولانا بشیر فاروقی پڑ ھائیں گئے۔

نماز جنازہ میں اعلی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر انتظامیہ نے یہاں سیکیورٹی انتظامات سخت کر رکھے ہیں۔تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی میت پارک سے تین کلو میٹر دوری پر واقع درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی لائی جائیگی، جہاں محکمہ اوقاف نے تدفین کے انتظامات مکمل کر لے ہیں، ان کی لحد معروف اینکر پرسن اور ایم این اے عامر لیاقت کی والدہ محترمہ محمودہ سلطانہ کی قبر کے قریب تیار کی گئی ہے، اس کمپاؤنڈ میں قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ شیریں جناح اور ان کے صاحبزادے آرام فرما ہیں، عمر شریف کی تدفین میں کثیر تعداد میں مداحوں کی شرکت کے پیش نظر مزار سید عبداللہ شاہ غازی پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔عمر شریف مرحوم کا جسد خاکی منگل کی شام پاکستان کے لیے ترکش ائیرلائن کی پرواز ٹی کے 1634 کے ذریعے میونخ جرمنی سے لیکر روانہ کردی گئی، جسد خاکی پرواز ترکی کے شہر استنبول رکنے کے بعد دوسری پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے کراچی لائی جائے گی، عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر اور جرمنی میں پاکستان کے قونصل جنرل امجد علی جسد خاکی کے ہمراہ ہیں کراچی ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر آج صبح پونے چھ بجے جسد خاکی لایا جائے گا ۔عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے انسان دوست شہنشاہ ظرافت عمر شریف کے صاحبزادوں جواد عمر اور فواد عمر نے دوستوں،احباب اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ہمارے پیار ے والد اور سب کے ہردلعزیز آرٹسٹ عمر شریف کی نماز جنازہ بدھ کو دوپہر تین بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں شرکت فرمائیں جس کے بعد ان کے ساتھ سفر آخرت میں شریک ہو کر عبداللہ شاہ غازی مزار میں تدفین اور دعا میں شریک ہوکر اپنی محبت وعقیدت کا اظہار کریں اور انہیں ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں ۔انہوں نے کہا میں ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے تعزیت و دعاؤں میں یاد رکھا ،ان چاہنے والوں کی محبتوں کا ایسے غم کی گھڑی میں حوصلہ وہمت اور دعا دینے پر ہمیشہ ان کا احسان مند رہوں گا ،اللہ سے دعا گو ہوں وہ ہمیں اپنے والد کی تربیت کے مطابق ان کے نقش قدم پر چلنے اور انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطاءفرمائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close