’پنڈورا پیپرز‘وزیراعظم عمران خان کے لاہور کےگھر کے ایڈریس پر دو آف شور کمپنیاں نکل آئیں

لاہور (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے زمان پارک لاہور کے گھر کے پتے پر دو آف شور کمپنیاں نکل آئیں تاہم یہ کمپنیاں عمران خان کی نہیں بلکہ فریدالدین نامی شہری کی ہیں۔زمان پارک 2 کے ایڈریس پر لاک گیٹ اور ہاک فیلڈ نامی دو آف شور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔

جب اس بارے میں تحقیقات کی گئیں تو یہ بات سامنے آئی کہ زمان پارک میں ایک ہی پتے کے دو مکان موجود ہیں جن میں سے ایک وزیر اعظم عمران خان کے نام پر ہے جب کہ دوسرے مکان میں فریدالدین نامی شہری رہائش پذیر ہے۔آف شور کمپنیاں بھی فریدالدین کی ملکیت ہیں تاہم ایڈریس ایک ہی ہونے کی وجہ سے کنفیوژن پیدا ہوئی۔فریدالدین کا کہنا ہے کہ اس نے لاک گیٹ نامی آف شور کمپنی 2008 میں بنائی تھی جب کہ ہاک فیلڈ لمیٹڈ کمپنی اس نے اپنے دوست کے نام پر قائم کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ’میرا اور عمران خان کا برکی برادری سے تعلق ہے ۔ ہماری ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، عمران خان سے وزیراعظم بننےکے بعد ملاقات نہیں ہوئی، آف شورکمپنی میری ہے اور اس کا وزیراعظم عمران خان سے کوئی تعلق نہیں ہے، زمان پارک میں تین گھرایسےہیں جن کا ایڈریس ایک ہی ہے۔‘خیال رہے کہ یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انٹرنیشنل کنسورشیم آف جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) پاناما سے بھی بڑا سکینڈل بریک کرنے جا رہا ہے۔ ’پینڈورا پیپرز‘ نامی یہ سکینڈل اتوار کی رات کو ساڑھے نو بجے منظر عام پر آئے گا۔ پینڈورا پیپرز میں 117 ممالک کے 150 میڈیا اداروں کے 600 سے زائد صحافیوں نے حصہ لیا اور دو سال تک ایک کروڑ 19 لاکھ دستاویزات کی تحقیقات کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close