نئے چئیرمین نیب کی نامزدگی، وزیراعظم عمران خان نے وزیر قانون کو ٹاسک سونپ دیا

اسلام آباد(پی این آئی )وزیراعظم عمران خان نے قومی احتساب بیورو(نیب)کے نئے چیئرمین کی نامزدگی شروع کرنے کا ٹاسک وزیر قانون کو دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا۔

جس میں وزیر قانون فروغ نسیم، شاہ محمود قریشی، پرویزخٹک ،شفقت محمود، فواد چوہدری، بیرسٹرعلی ظفر اور اٹارنی جنرل نے بھی شرکت کی، دوران اجلاس ڈاکٹر فروغ نسیم نے آئینی اور قانونی آپشنزپر وزیراعظم اور وزرا کو بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم نے مشاورتی اجلاس کے دوران تمام وفاقی وزرا کی رائے لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نئے چیئرمین نیب کی نامزدگی شروع کرنے کا ٹاسک وزیر قانون کو سونپ دیا ہے اور چیئرمین نیب کی مدت ملازمت پوری ہونے پر نئے چیئرمین کی نامزدگی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے پیش کی گئی تجاویزکی روشنی میں وزیر قانون کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم نے چیئرمین نیب کی تقرری پر منگل یا بدھ کودو بارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close