برطانوی عدالت کا فیصلہ عمران خان اور تفتیشی اداروں کے منہ پر تھپڑ ہے، دنیا کے سامنے ساری حقیقت کھل کر سامنے آگئی

لندن (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ عمران خان اور تفتیشی اداروں کے منہ پر تھپڑ ہے، دنیا کے سامنے ساری حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے،نیب ، ایف آئی اے کیلئے اس سے زیادہ بے عزتی کا کیا مقام ہوگا؟ان کااحتساب کہاں گیا ؟ احتساب اب ان کاہوگا جو دنیا دیکھے گی۔

انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کلین چٹ کی بات تو بہت پیچھے رہ گئی ہے یہ تو تفتیشی اداروں کے منہ پرایک زناٹے دار طمانچہ ہے ، چاہے نیب ہے یا ایف آئی اے ، دنیا کے سامنے دودھ کا دودھ پانی کا پانی اور حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔یہ تحقیقات این سی اے نے کی ہیں، این سی اے ایک منفرد ادارہ ہے جس کی کریڈیبلٹی پوری دنیا میں تسلیم کی جاتی ہے۔نوازشریف نے کہا کہ سلیکٹر عمران خان نے الزام لگایاکہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی، کروڑوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کی، اور پیسا برطانیہ اور دوسرے ممالک میں لے کر گئے، اتنے بڑے ادارے نے 21مہینے پوری تفتیش کی اور نتائج جاری کیے کہ الزامات بے بنیاد اور ناقص ہیں، اسی زناٹے دار تھپڑ کی بات کررہا ہوں، نیب ، ایف آئی اے اور عمران خان کیلئے اس سے زیادہ بے عزتی کا کیا مقام ہوگا؟یہ شہبازشریف اور شریف فیملی کیلئے ایک بہت بڑا ثبوت ہے اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے اور دنیا بھر کو پتا چل گیا ہے سب جھوٹے الزامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پچھلے کئی سالوں سے نعرہ ہے کہ لوٹ کر کھا گئے، اب عمران خان اس زد میں بری طرح آگیا ہے کہ ان کی کابینہ میں کرپٹ ترین لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، پاکستان کے حالات دیکھ لیں، ہر غریب آدمی رو رہا ہے، ایک غریب آدمی رو رہا تھا کہ اپنے بچوں کو سوکھی روٹی پانی میں ڈال کے نمک ڈال کے کھلاتا ہوں، سالن بنانے کے پیسے نہیں ہے، اس شخص نے نیا پاکستان بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پرانے سے بھی حال بدتر کردیا ہے، لوگ اب کہتے ہیں ووٹ اس کو دیں گے جو پرانا پاکستان واپس لے کر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ میں بھی اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ، براڈشیٹ میں نیب اور عمران خان کے منہ پر تھپڑ رسید کیا، ہمارے اثاثے ڈھونڈنے چلے تھے الٹا ہمیں لاکھوں روپے کیس کے اخراجات کے دے کر جان چھڑائی،کہاں گیا احتساب ؟ احتساب اب ان کا ہوگا، ان کا ایسا احتساب ہوگا جو دنیا دیکھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close