جونیئر ہاکی ورلڈ کپ، بھارت کی پاکستان کو دعوت اور چالاکیاں سامنے آگئیں

لاہور(آئی این پی) جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت کی پاکستان کو دعوت اور چالاکیاں سامنے آگئیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی جونئیر ورلڈکپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن بھارت میں جونئیر ورلڈکپ میں شرکت کرنا چاہتی ہے تاہم اس کا انحصار ویزوں کے اجرا اور حکومت پاکستان کی اجازت سے مشروط ہے۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جونئیر ورلڈکپ

کے حوالے سے اب تک ہونے والی خط وکتابت پر میڈیا کو اعتماد میں لیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف کے مطابق 23ستمبر کو ایف آئی ایچ کی طرف سے ورلڈکپ میں شرکت کا باقاعدہ دعوت نامہ ملا لیکن حیران کن طور پر اس ای میل میں بھارت نے 24ستمبر تک ویزے درخواست جمع کروانے کی ڈیڈ لائن رکھ دی، ہم ایک روز میں ویزوں کے لیے کیسے اپلائی کرتے۔ہم نے لکھا کہ 40رکنی دستے کے ویزے ایک دن میں جمع کروانا ممکن نہیں، پی ایچ ایف نے ویزہ درخواست جمع کروانے کے لیے 10دن کا وقت مانگا ہے۔ جونئیر ورلڈکپ 24نومبر سے 5دسمبر تک بھارت میں ہورہا ہے تاہم انڈین ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ وہ ویزے جاری ہونے کی ذمہ دار نہیں، ہم نے 2 دن پہلے ہاکی انڈیا کو 25 کھلاڑیوں اور آفیشلز کی لسٹ

بجھوا دی ہے جب کہ آج دو کھلاڑیوں کے مزید نام بھیج دیے ہیں، ویزہ پراسس کے لیے ابتدائی کاغذی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔آصف باجوہ نے کہا کہ ہم نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو 24 ستمبر کو این او سی کے لیے خط لکھ دیا تھا۔دوسری معلومات بھی ان سے شئیر کی جارہی ہیں۔منگل کو اسپورٹس بورڈ ارکان اور منسٹری کے حکام سے ملاقات طے ہے، پاکستان اور بھارت کے تعلقات اس وقت اچھے نہیں، ہم وہاں جاکر کھیلنا چاہتے ہیں تاہم حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے پابند ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں