مراد علی شاہ بال بال بچ گئے، پی ٹی آئی کے سینئر لیڈر کی درخواست مسترد، سپریم کورٹ اپنافیصلہ جاری کر چکی ہے

کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے وزیراعلی سندھ کو نااہل قرار دینے کی حلیم عادل شیخ درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل سماعت قرار دے دی۔منگل کو عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ حلیم عادل شیخ نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 2013 میں مراد علی شاہ نے اپنی دوہری شہریت چھپائی ہے جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ نے بھی نااہل قرار دیا تھا۔ اسکے بعد انہوں نے ایک ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جس میں جھوٹا

حلف نامہ جمع کروایا۔ درخواست گزار کے مطابق مراد علی شاہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے جس کی وجہ سے وہ صادق الامین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حلیم عادل شیخ کی درخواست قابل سماعت نہیں جبکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ اپنا فیصلہ جاری کر چکی ہے۔ حلیم عادل شیخ کی جانب سے تین ماہ قبل 5جولائی کو درخواست دائر کی گئی تھی۔ جسٹس شفیع صدیقی نے ریمارکس دیے تھے کہ سپریم کورٹ نے اس حوالے سے حال ہی میں فیصلہ دیا تھا، ہمیں وہ فیصلہ دکھائیں کہ سپریم کورٹ معاملہ نمٹا چکی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے مراد علی شاہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ دلائل دیں اور درخواست قابلِ سماعت ہونے پر مطمئن کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں