شہباز شریف اور ان کے بیٹے کے بری ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور ان کی فیملی کے منی لانڈرنگ سے بری ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹے کے بری ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے اور یہ خبریں حقائق کے منافی ہیں۔

 

 

نیشنل کرائم ایجنسی(این سی اے) کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات نیب یا اثاثہ جات ریکوری یونٹ کی درخواست پر نہیں تھیں۔2019 میں سلمان شہباز کی جانب سے پاکستان سے انگلینڈ میں ایک ٹرانزیکشن کی گئی تھی جس کو بینک نے مشکوک جانتے ہوئے نیشنل کرائم ایجنسی کو رپورٹ کیا تھا۔جس پر نیشنل کرائم ایجنسی نے عدالت سے اکاؤنٹ منجمند کرنے کا حکم حاصل کیا تھا۔مگر اب نیشنل کرائم ایجنسی نے ان تحقیقات کو بند کردیا ہے اور منجمند اکاؤنٹ کو بحال کردیا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس حکمنامے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کی گئی ٹرانزیکشن مشکوک نہیں تھی۔میں وضاحت کرتا ہوں کہ بری ہونے کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے کیونکہ عدالت کی جانب سے کوئی ٹرائل ہی جاری نہیں ہوا تھا۔فنڈز کو این سی اے کی جانب سے منجمند کیا گیا تھا اور اب این سی اے مزید تحقیقات نہیں کرنا چاہتا جس کے باعث اکاؤنٹ کو بحال کردیا گیا ہے۔سلمان شہباز اپنے اور اپنے والد کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور میں درج ایک مقدمے میں آج بھی اشتہاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close