پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے ، میں یہاں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو خوب انجوائے کر رہا ہوں، آسٹریلوی کمنٹیٹر مائیک ہیزمین نے دورہ منسوخ کرنے پرانگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا

سڈنی (پی این آئی)عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین کمنٹیٹر مائیک ہیزمین نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان میں کام کر کے ہمیشہ خوشی محسوس کی ہے، یہاں لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا بہت افسوس ناک ہے۔ایک انٹرویو میں آسٹریلین کمنٹیٹر مائیک ہیزمین نے کہا کہ میں پاکستان میں کرکٹ کے قدرتی ٹیلنٹ سے کافی متاثر ہوں، پاکستان کے کرکٹرز دنیا کے دیگر کھلاڑیوں کی نسبت مختلف صلاحیتیں رکھتے ہیں۔مائیک ہیزمین نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کا بیٹنگ اور بولنگ اسٹائل مختلف ہے جو دنیا میں کہیں نظر نہیں آتا،

میں جب پاکستان آتا ہوں تو دو، تین نئے باصلاحیت کھلاڑی ملتے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر روز بروز کچھ نئی خبریں سننے کو مل رہی ہیں جس سے دکھ ہو رہا ہے، انگلش کھلاڑیوں سے پوچھے بغیر انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا جو غلط بات ہے، جبکہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا۔آسٹریلین کمنٹیٹر نے کہا کہ انگلینڈ میں جب کورونا کی وباء عروج پر تھی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر وہاں کا دورہ کیا، انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر کے ایک شرم ناک فیصلہ کیا۔مائیک ہیزمین نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ تو کیا لیکن پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تھریٹ کی انفارمیشن شیئر نہیں کی جبکہ آپ جب انٹرنیشنل لیول کی کرکٹ کھیل رہے ہوں تو سیکیورٹی تھریٹ کا ثبوت دکھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں نے جنوبی افریقہ میں کام کیا اور تب بھی انگلینڈ کو دورہ منسوخ کرتے ہوئے دیکھا، انگلینڈ کے کھلاڑی جنوبی افریقہ پہنچے اور کورونا کا بہانہ کر کے دورہ منسوخ کر دیا، جبکہ کوئی ایک کھلاڑی بھی کورونا مثبت نہیں ہوا لیکن انگلینڈ نے پھر بھی دورہ منسوخ کیا۔مائیک ہیزمین نے کہا کہ آئی سی سی کو ان معاملات کو دیکھنا چاہیے کیونکہ انگلینڈ جو بھی کر رہا ہے وہ ناقابلِ قبول ہے، حال ہی میں جب جنوبی افریقہ نے پاکستان کا دورہ کیا تب بھی میں پاکستان میں موجود تھا، جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے کہا کہ انہیں پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، مجھے پاکستان میں خطرہ محسوس ہوتا تو میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کمنٹری کرنے نہ آتا۔مائیک ہیزمین کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کو بھرپور طریقے سے انجوائے کر رہا ہوں، دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے دیگر ممالک کی طرح محفوظ ہے، میں اس مشکل موقع پر پاکستان کرکٹ کے ساتھ کھڑا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں