سی پیک پاکستان اوراس خطہ کی خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،وزیراعظم آزادجموں وکشمیر

مظفرآباد(آئی این پی)وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اوراس خطہ کی خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل سے یہاں تعمیر وترقی کا انقلاب آئیگا اور امن و ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ مانسہرہ مظفرآباد منگلا روڈ منصوبے پر سی پیک کی جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کا شکرگزار ہوں امید ہے کہ اس منصوبہ پر کام کا جلد آغاز ہوگا۔ایسٹرن کوریڈور سے

آزادکشمیر اور پنجاب کو گلگت سے ملانے کیلئے رتو شونٹر ٹنل کی تعمیر سے مظفرآباد اور گلگت کا سفر بہت آسان اور مختصر ہوجائیگااور مظفرآباد سے گلگت کا فاصلہ صرف8گھنٹے کا رہ جائیگا‘ اس منصوبے کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی برائے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے دسویں اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر،چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ سمیت سی پیک حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ما نسہرہ مظفرآباد منگلا روڈ کی تعمیر سے آزادکشمیر کے تمام اضلاع آپس میں منسلک جائیں گے جبکہ جنوبی علاقوں سے رابطہ بہت مختصر رہ جائیگا۔انہوں

نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سی پیک کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے وہ خود تمام معاملات کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔ آزادکشمیر کو سی پیک کے منصوبوں میں شامل کرنا عمران خان کا آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں دلچسپی لینے کا عکاس ہے۔ آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالا مال پرامن اور سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش خطہ ہے، یہاں سیاحت، ہائیڈل،لائیوسٹاک اورزراعت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے۔ آزادکشمیر کی 49فیصد آبادی 15سے49سال کے درمیان ہے، وسائل کو بروئے کار لا کرہیومین رسورس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور روزگار کے مواقع اور معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ آزادکشمیر میں دس فیصد سے زائد آبادی بیروزگار ہے‘ سی پیک کے زیر اہتمام سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سینٹر زقائم کر کے بیروزگاری پر قابو پایا جا سکتاہے۔ میرپور آزادکشمیر میں اکنامک کوریڈور کیلئے زمین مختص کی گئی اس کو بھی سی پیک میں شامل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں