پاکستان اور سعودی عرب مذہب، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا آپس میں دل کا رشتہ ہے، دونوں ممالک مذہب، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات پاکستان کی آزادی سے پہلے کے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات کا ایک نیا سفر شروع ہوا، پاکستانی عوام کے دل مکہ اور

مدینہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سعودی عرب کے 91ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 1932میں سعودی عرب میں حجاز اور نجد کو ملا کر سعودی عرب کا قیام عمل میں آیا جسے نہ صرف مڈل ایسٹ بلکہ دنیا کی تاریخ میں اہم مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالعزیزنے 1902میں ریاض اور 1903میں الحصہ کو فتح کیا اور حجاز اور نجد کو ایک دوسرے سے ملایااس طرح آل سعود نے ایک نئی مملکت کی بنیاد رکھی، ان کی تاریخ حیران کن ہے کہ کس طریقے سے انہوں نے سعودی عرب کی بنیاد رکھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پاکستان کی

آزادی سے پہلے کے ہیں، 1940میں جب شاہ عبدالعزیز اپنے پانچ بھائیوں کے ساتھ کراچی آئے تو ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات استوار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 1946میں بنگال میں قحط ہوا تو سعودی عرب نے قائداعظم محمد علی جناح کی اپیل پر 10ہزار برطانوی پائونڈ آل انڈیا مسلم لیگ کو عطیہ کئے۔ 1946کے آخر میں جب آل انڈیا مسلم لیگ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے گئی تو اس کے وفد کو داخلے سے روک دیا گیا، اس وقت شاہ عبدالعزیز نے اقوام متحدہ کے عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں آل انڈیا مسلم لیگ کے وفد کو مدعو کیا اور اس طرح اقوام متحدہ میں داخلے کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالعزیز کا جس قسم کا تعلق قائداعظم، آل انڈیا مسلم لیگ سے تھا وہ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1960کے بعد پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعلقات قائم ہوئے، ان تعلقات کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور محمد بن سلمان کے ذریعے تعلقات کا ایک نیا سفر شروع ہوا ہے، امید ہے کہ یہ تعلقات ایک نئے زاویئے اور نئی منزل کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ دل کا رشتہ ہے، پاکستان کے ہر فرد کا دل مکہ اور مدینہ کے ساتھ دھڑکتا ہے، انشااللہ یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close