برطانیہ جانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری، پی آئی اے نے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے 32 پروازیں آپریٹ کرنے کا فیصلہ، شیڈول جاری- تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے اسلام آباد سے برطانیہ کے لیے چارٹرڈ فلائٹس کا شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر کے لیے چارٹرڈ فلائٹس کا شیڈول جاری کیا ہے۔

22 ستمبر سے 30 اکتوبر تک 32چارٹرڈ فلائٹس آپریٹ ہوں گی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 22سے29ستمبر پی آئی اے کی 7چار ٹرڈ پروازیں برطانیہ روانہ ہوں گی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ اکتوبر میں پی آئی اے کا 25پروازوں کا شیڈول فائنل ہے، چارٹرڈ کمپنی کے ذریعے یہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جس سے مسافر مستفید ہوں گے۔قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ پروازیں شروع کرنے سے مسافروں کو سفری سہولت میسر آئے گی۔یاد رہے کہ گذشتہ روز موصول ہونے والی خبر کے مطابق برطانوی حکومت نے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے پاکستان کا نام خارج کر دیا تھا۔ پاکستان سمیت کل 8 ممالک کا نام ریڈ لسٹ سے خارج کیا گیا ہے۔ پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، مالدیپ، سری لنکا، کینیا، عمان اور بنگلہ دیش کو بھی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا۔ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ گذشتہ 5 ماہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کیلئے بہت مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ مل کر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ سے ہی عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ نے سفری پابنديوں کی درجہ بندی بھی کردی جبکہ نئے فيصلوں کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔پاکستان کے برطانیہ کی سفری ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد وفاقی وزرا نے بھی خیر مقدم کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو امید تھی کہ اسے برطانوی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے گذشتہ ماہ ہی نکال دیا جائے گا، تاہم 26 اگست کو کیے گئے اعلان میں پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھا گیا تھا۔ برطانوی حکومت نے رواں سال 9 اپریل سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں