بیجنگ(پی این آئی )ٹک ٹاک کی ملکیت رکھنے والی کمپنی بائیٹ ڈانس نے چین میں 14 سال سے کم عمر بچوں کے حوالے سے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے۔ڈان نیوز کے مطابق بائیٹ ڈانس کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ 14 سال سے کم عمر بچے اب ڈویوین (ٹک ٹاک کو چین میں اس نام سے استعمال کیا جاتا ہے) پر یوتھ موڈ کے ذریعے رسائی حاصل کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے یوتھ موڈ کے ذریعے 14 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ٹک ٹاک کا استعمال دن بھر میں 40 منٹ تک محدود کردیا جائے گا۔اسی طرح اس عمر کے بچوں کو اس ایپ تک رسائی صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہی حاصل ہوگی۔ڈویوین لگ بھگ ٹک ٹاک جیسی ہی ایپ ہے مگر اس میں مواد کی جانچ پڑتال زیادہ سختی سے کی جاتی ہے اور اس کے 60 کروڑ سے زیادہ ماہانہ صارفین ہیں۔اس سے قبل بائیٹ ڈانس میں صارفین کی اصل نام اور عمر کی تصدیق کے ضوابط پر بھی عملدرآمد کیا گیا تھا جبکہ صارفین کو اپنے فون نمبر اور دیگر ذاتی تفصیلات بھی مہیا کرنا ہوتی ہیں۔کمپنی نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ یوتھ موڈ کے ذریعے ہمیں ہر ایک کے لیے زبردست مواد جیسے ناول اور دلچسپ سائنسی تجربات کی تیاری کا موقع مل سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں