ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد یورو اور پائونڈ کی قدر بھی بڑھ گئی

کراچی (پی این آئی) ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کرنے کے قریب پہنچ گئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 168 روپے 50 پیسے کی سطح تک پہنچ گئی، گزشتہ برس اگست میں ڈالر 168 روپے 87 پیسے کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو حسب توقع ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ گراوٹ کا شکار رہا ۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں40پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 167.20روپے سے بڑھ کر167.60روپے اور قیمت فروخت167.30روپے سے بڑھ کر167.70روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 20پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید167.80روپے سے بڑھ کر168روپے اور قیمت فروخت 168.20 روپے سے بڑھ کر 168.50روپے ہو گئی، یوں ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ربور کرنے کے قریب پہنچ گئی۔گزشتہ برس اگست میں ڈالر کی قیمت 168 روپے 87 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی تھی، جو کہ ملکی تاریخ میں امریکی کرنسی کی قیمت کی بلند ترین سطح تھی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ یورو کی قدر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 40پیسے کے اضافے سے یورو کی قیمت خرید 196.80روپے سے بڑھ کر197.40روپے اور قیمت فروخت198.60روپے سے بڑھ کر199روپے ہو گئی۔ تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 230.50روپے اور قیمت فروخت232روپے پر بدستور برقرار رہی ۔دوسری جانب گزشتہ ہفتہ کے دوران بیرونی قرضوں کی مد میں ادائیگیوں کے باعث سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں 12 کروڑ 30لاکھ جبکہ مجموعی ذخائر میں12کروڑ51لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق 3ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 27ارب22کروڑ ڈالرز کی سطح سے گھٹ کر27ارب10کروڑ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔ اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر20ارب14کروڑ ڈالرز سے کم ہوکر20ارب2کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر21لاکھ ڈالرز کمی سے 7ارب8کروڑ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں