پولیس نے ویکسی نیشن ٹیم کو حوالات میں بند کر دیا

اسلام آباد (این این پی)پنجاب پولیس کا انوکھا کارنامہ ، ویکسی نیشن ٹیم کو حوالات میں بند کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق چونیا ں میں پولیس نے انوکھا کارنامہ کرتے ہوئے کرونا ویکسی نیشن کا ڈرامہ بند کرنے کا کہا ۔چونیاں کے علاقے شامکوٹ میں حکومتی احکامات کے تحت کرونا ویکسی نیشن کرنے والی ٹیم نے علاقہ کی مسجد میں اعلان کروایا جس شخص کی

عمر 18سال سے زائد ہے وہ مقرر کردہ جگہ پر پہنچے ۔اعلان کے بعد چوکی انچار ج شامکوٹ طیب نے وہاں پہنچ کر کرونا ویکسی نیشن کا ڈرامہ بند کرنے کا کہا اورتین افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ،ان سے موبائل فونز چھین لیے جبکہ گالیاں بھی دیں ۔ واقعہ کے دوران بچ کر نکلنے والے ایک کرونا ویکسی نیشن کے اہلکار نے ہیلتھ آفیسر کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد ٹیم کے گرفتار اہلکاروں کو چھڑوایا گیا ۔ دوسری جانب ینگ پیرا میڈیکل اسٹاف قصور کے عہدیداروں نے چوکی انچارج کے اس رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب قصورواروں کے خلاف کاروائی کریں بصورت دیگر ینگ پیرا میڈیکل اسٹاف قصور احتجاج پر مجبور ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں