پنجشیر میں فتح کے بعد افغانستان میں حکومتی جنگجوئوں کی ہوائی فائرنگ سے ہلاکتیں، فوجی آپریشنز کے سربراہ نے نئی پابندیاں لگا دیں

کابل (پی این آئی)افغانستان میں نئی حکومت کے جنگجوئوں کی جانب سے گزشتہ شب کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد نائب امیر ملا یعقوب نے جنگجوؤں کو سخت وارننگ جاری کردی۔نائب امیر اور فوجی آپریشنز کے سربراہ ملا یعقوب نے ہوائی فائرنگ کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے بعد دارالحکومت کابل یا ملک میں کہیں بھی ہوائی فائرنگ کرنے والے سے فوری طور پر ہتھیار واپس لے لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ مسلمانوں کے بیت المال میں خیانت کے زمرے میں آتی ہے، یہ کام کرنے والے کو قانونی نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ رات یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پنج شیر کو فتح کرلیا گیا ہے ۔ یہ خبر ملتے ہی طالبان جنگجوؤں نے کابل سمیت پورے افغانستان میں ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا۔ ہوائی فائرنگ اتنی شدید اور زیادہ تھی کہ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کو پیغام جاری کرنا پڑا کہ فائرنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ طالبان کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کابل میں دو شہری ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں