کراچی(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے حریت رہنما علی گیلانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ان کی میراث کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر سید علی گیلانی کے انتقال کی خبر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جنگ نے ہمارے بزرگ ہم سے چھین لیے ہیں۔شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دہائیوں تک چلانے والے علی گیلانی اب ہم میں نہیں رہے۔ سابق کپتان نے علی گیلانی کے بلند درجات کی دعا بھی کی ۔ یاد رہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی 91 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں ، گزشتہ 12 برس سے بھارتی فوج نے انہیں گھر میں نظر بند کر رکھا تھا جس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی گر چکی تھی۔سید علی گیلانی کشمیر پر بھارتی قبضے کے بڑے مخالف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علمبردار تھے۔ 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والے سید علی گیلانی تحریک حریت جموں کشمیر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے۔ وہ 3 مرتبہ جموں اور کشمیر کے حلقے سے کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں