اسلام آباد(پی این آئی )افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد امریکی فوجیوں کے انخلا کی تصاویر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں ، جن میں سے ایک تصویر میں امریکی فوجی اہلکاروں کو پاکستان میں قائم پناہ گاہ میں بیٹھے دکھایا گیا ہے ، مذکورہ تصویر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خاننے وضاحت دی ہے کہ یہ تصویر جعلی ہے ، برائے مہربانی احساس پناہ گاہوں کو متنازعہ نہ بنائیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے اس کا ترجمہ لکھا کہ اے لوگو! جو ایمان لائے ہو ، اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تحقیق کر لیا کرو ، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم لوگوں کو نادانستہ نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ پناہ گاہوں میں کام کرنے والے رضاکاروں اور مخیر حضرات جو کھلے دل سے عطیہ کرتے ہیں اور خاص طور پر وہاں آنے والے دیہاڑی دار مزدور لوگوں کی برائے مہربانی دل آزاری نہ کریں، شکریہ! دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی سفارتی مشن معطل کر کے قطر منتقل کر دیا ہے، تسلیم کیے جانے اور تعاون حاصل کرنے کے لیے طالبان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹونی بلنکن نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی افغان حکومت سے تعاون امریکی مفاد کی روشنی میں کیا جائے گا، انسانی بنیادوں پر امداد جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ امداد طالبان کے بجائے عالمی اداروں سے افغان عوام تک پہنچائیں گے، ہم قطر اور ترکی کی کوششوں کو سراہتے ہیں، خطے اور دیگر ممالک کے ساتھبات چیت جاری رہے گی۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، ایک لاکھ 23ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے بحفاظت منتقل کیا، افغانستان میں سو سے دو سو کے قریب امریکی رہ گئے ہیں صحیح تعداد کا تعین کر رہے ہیں ۔انٹونی بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ معلوم کر رہے ہیں کہ امریکی افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سفری دستاویزات رکھنے والوں کو ملک سے جانے کی اجازت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں