آسٹریلیا میں 3 پاکستانی طالب علموں نے خودکشی کر لی

اسلام آباد (پی این آئی )آسٹریلیا میں 3 پاکستانی طالب علموں نے خودکشی کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کو بریفنگ دیتے ہوئے آسٹریلیا جانیوالے طالبعلم نے بتایا کہ کورونا کے بعد سے آسٹریلیا میں پاکستانی طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، 3 نے خودکشی کرلی۔کمیٹی نے وزیر خارجہ کو معاملے پر آسٹریلوی وزیر خارجہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس شیخ فیاض الدین کی زیرصدارت ہوا۔ قومی اخبار آج کے مطابق جس میں ایک طالب علم عثمان نے بتایا کہ کورونا کے بعد سے آسٹریلیا کی سرحد بند ہے، جس کی وجہ سے عارضی ویزے والے 5 ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبعلم بہت پریشان ہیں اور آسٹریلیا میں تعلیمی مسائل کے باعث 3 طلباء نے خود کشی بھی کرلی۔اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں کے ایجنٹس بہت ظالم ہیں، سبز باغ دکھاتے ہیں، طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں کا معاملہ آسٹریلین حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مسئلے پر آسٹریلوی ہم منصب سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔کرونا وائرس کی وباء کے بعد مارچ 2020ء سے دنیا بھر میں کئی ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردی تھیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں