کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ میں بلاول اور ان کی حکومت کرپشن کے ورلڈ ریکارڈ بنانے میں مصروف ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے منصوبوں میں کرپشن پیپلزپارٹی کی پہچان بن گئی ہے، روشن سندھ کے نام پر کرپشن کی گئی اور اسی طرح اومنی گروپ و جعلی اکائونٹس بھی انہی کی پہچان ہیں، فرخ حبیب نے کہا کہ 14ارب روپے کی گندم چوری اورلاڑکانہ ترقیاتی پیکج بھی ان کی شان ہے،انہوں نے کہا کہ 500نیب زدہ افسران کو نوازنا، ٹینکرز و لینڈ مافیا اور سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن بھی پیپلزپارٹی کی پہچان ہیں، سندھ میں گزشتہ 13سال سے مسلسل پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن صوبے میں اندھیر نگری چوپٹ راج قائم ہے، بارش آئے تو کراچی ڈوب جاتا ہے جس کے بعد نالوں کی صفائی وفاق کو کرانا پڑتی ہے،وزیر مملکت نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ، پانی کا کے فور منصوبہ اور سرکلر ریلوے کی تکمیل بھی وفاق کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں