متحدہ عرب امارات جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، ویزہ سروس بحال کر دی گئی

ابوظہبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک کے شہریوں کیلئے سیاحتی ویزہ سروس بحال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے ایک اور انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے۔ اماراتی حکومت نے تمام ممالک کے شہریوں کیلئے سیاحتی ویزہ سروس دوبارہ بحال کر دی ہے، تاہم اہم شرط بھی عائد کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ 30اگست سے کورونا ویکسین لگوانے والے دنیا بھر کے شہری امارات کا سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کے اہل ہو جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ عمومی طور پر سیاحتی ویزہ ان افراد کو جاری کیا جاتا ہے جو ویزہ آن ارائیول کے اہل نہیں ہوتے۔ اماراتی حکومت 30 سے 90 ایام کا سیاحتی ویزہ جاری کرتی ہے۔یہاں واضح رہے کہ یہ اماراتی حکومت کا رواں اگست کے ماہ میں سفری پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے دوسرا بڑا فیصلہ ہے۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں اماراتی حکومت نے پاکستان ، بھارت، نیپال اور سری لنکا سمیت چھ ممالک میں پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز کو واپس آنے کی اجازت دے دی تھی۔ 5اگست بروز جمعرات سے ان چاروں ممالک سے ویزہ ہولڈرز کویو اے ای آنے کی اجازت دی گئی۔ تاہم یہ شرط بھی عائد کی گئی کہ صرف وہی افراد امارات واپس آ سکتے ہیں جو کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا چکے ہوں۔اعلان کیا گیا کہ پاکستان ، بھارت، سری لنکا، نیپال، نائیجریااور یوگینڈا سے ویزہ ہولڈرز کو ویکسی نیشن سے متعلق اور دیگر شرائط مکمل ہونے پر واپس آنے کی اجازت ہو گی۔ واضح رہے کہ اماراتی حکومت نے کئی ماہ قبل کورونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاو کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ جن ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں، ان ممالک سے مسافروں کو براہ راست امارات آمد کی اجازت نہیں تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں