ٹھٹھہ(آئی این پی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی اورسی پیک پر چین کے تحفظات دور کیے جائیں، عوام خان صاحب کی تین سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں،گھر اور نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن گھر گرائے گئے اور لوگوں کو بے روزگار کیا گیا ، کسی کو بھی اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے نہیں دیں گے، چاہتے ہیں کہ جو پاکستان آنا چاہتے ہیں وہ قانونی طریقہ کار سے آئیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو رکن سندھ اسمبلی محمد علی ملکانی کی رہائش گاہ پر میڈیا سیگفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے محمد علی ملکانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کی روح کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی، بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی کو بھی اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے نہیں دیں گے، چاہتے ہیں کہ جو پاکستان آنا چاہتے ہیں وہ قانونی طریقہ کار سے آئیں،بلاول بھٹو نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر پر باڑ لگانے کے اقدام کو ہم سراہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر قانونی دستاویزات کے ساتھ نقل و حرکت کی اجازت ہے، چیئرمین پی پی نے عمران خان اور ان کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام نے موجودہ نا اہل حکومت کو مسترد کردیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نا اہل حکومت سے چھٹکارہ ملے، گزشتہ تین سالوں کے دوران لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا، اسٹیل ملز کو بند کر کے 10ہزار خاندانوں سے روزگار چھینا گیا ہے،بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ پاکستان کے عوام اب پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہی ہے کیونکہ یہ واحد جماعت ہے جو غریب کی بات کرتی ہے، موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے صرف امرا کو ریلیف ملا ہے جب کہ عوام کو تکلیف پہنچی ہے، عمران خان کی کارکردگی تاریخی غربت اور مہنگائی کی شکل میں نظرآئی ،سندھ میں پانی بحران پر گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ارسا کا جو کردار عمران خان کے دور حکومت میں رہا ایسا پہلے کبھی نہیں رہا ۔ خان صاحب سے انسانیت کے نام پر اپیل ہے کہ وہ پانی پر سیاست نہ کریں ۔ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے کیونکہ پانی، گیس اور روزگار چھینا جائے گا تو احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہتا۔وفاق صوبے کے حق پر ڈاکا مار کر زیادتی کر رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جاںحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا او زخمیوں کے بہترعلاج معالجے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں