پاکستان شام کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، اسد قیصر

اسلام آ باد (آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات شام کے چارج ڈی افیئر ڈاکٹر ماذن عبید نے ملاقات کی جس میں اہم علاقائی و عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور شام مذہب، اخوت،ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے ، پرامن افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے ، پاکستان ہمیشہ افغانستا ن میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں افغان عوام کی حمایت اور خواہشات سے بننے والی حکومت کا خواہاں ہے ، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسلامی ممالک میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان شام میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ شام کے چارج ڈی افیئر ڈاکٹر ماذن عبید نے کہا کہ شام پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، شام پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے ، شام اور پاکستان انتہاپسندی اور دہشتگردی کا شکار رہے ہیں، شام کو گزشتہ 11 سالوں سے دہشتگردوں کی کارروائیوں کا سامنا ہے ، شام کی حکومت دونوں ممالک میں عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے پاکستان اور شام کے مابین ہوائی رابطے کے اجرا پر غور کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close