احسان مانی کی مزید کام کرنے سے معذرت، وزیراعظم نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی نامزد کر دیا

لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی نامزد کر دیا ،حتمی منظوری پی سی بی بورڈ آف گورنرزدیگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو بتا دیا مزید کام نہیں کر سکتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی احسان مانی کے بطور چیئرمین اگلے تین سال کے لیے ذمہ داریاں نبھانے سے انکار کی تصدیق کردی ہے۔جس کے بعد رمیز راجا کو یہ عہدہ ملنے کا امکان ہے۔احسان مانی کے عہدے کی معیاد 24اگست کو پوری ہوگئی تھی، جس کے بعد پیٹرن وزیر اعظم کی جانب سے گورننگ بورڈ کے لیے مزید 2ارکان کی نامزدگی کرنا ہے، احسان مانی نے وزیر اعظم سے دو ملاقاتیں کیں اور وہ دوبارہ سربراہ کرکٹ بورڈ منتخب ہونے کے لیے مضبوط امیدوار خیا ل کیے جارہے تھے۔ذرائع کے مطابق اہم حلقوں کی جانب سے رمیز راجہ کے بطور سربراہ بنانے کے لیے مہم چلائی جارہی تھی، احسان مانی رمیز راجا کے حق میں نہیں تھے۔پی سی بی کے آئین کے تحت پیٹرن ان چیف (وزیر اعظم پاکستان)کی جانب سے دو گورننگ بورڈ ارکان کی نامزدگی ہوگی جس میں ایک نام رمیز راجا کا ہوگا، نامزدگیوں کے نوٹی فکیشن کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس عظمت سعید کی جانب سے الیکشن شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہوگا، گورننگ بورڈ کے خصوصی طورپر بلائے گئے اجلاس میں نئے چئیرمین کا انتخاب ہوگا۔ اس سارے عمل کیلئے 4ہفتے کی مدت مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈتقرری کی منظوری دیدی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی تقرر کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعائوں کی ضرورت ہے۔ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کرلیا ہے، بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close