اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور عوام کو پارلیمان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔عوام کے توقعات پر پورا اترنے اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے موثر قانون سازی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں ممبران کی حاضری کو یقینی بنانے اور اپوزیشن اور حکومتی بینچوں میں سازگار ماحول کو برقرار رکھنے میں ملک عامر ڈوگر کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے موجودہ حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر ملک عامر ڈوگر کو مبارکباد دی۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نے ایوان کی کاروائی کو خوش اسلوبی اور غیر جانبداری سے چلانے پر اسپیکر اسد قیصر کے کردار کو سراہا۔ملک عامر ڈوگر نے سپیکر اسد قیصر کو بتایا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں مجلس شوریٰ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس سے صدرِ مملکت خطاب کریں گے۔ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں غیر ضروری اخراجات میں کمی لانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا اور موجودہ قومی اسمبلی کے 3سال مکمل ہونے پر انہیں مبارکباد بھی دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں