کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت

مظفر آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سوفیصد عملدرآمد کروایا جائے اور کورونا ویکسینینشن کا عمل تیز کیا جائے، ایل او سی سے ملحقہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کوویڈ ہسپتالوں میں آکسیجن سمیت دیگر ضروریات پوری کی جائیں۔ عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور اپنے معمولات زندگی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے انجام دیں۔ا ن خیالات کااظہار وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے سیکرٹری صحت عامہ کی جانب سے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہاکہ آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں کوروناوائرس کی حالیہ لہر انتہائی خطرناک ثابت ہورہی ہے، روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اس وباء سے جاں بحق ہورہے ہیں، ہسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہم اس وباء سے بچ سکتے ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مہلک وبا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ، اپنی اور پیاروں کی حفاظت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ویکسین لگائی جائے اور اس حوالے سے ایل او سی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہاکہ این سی او سی کی سفارشا ت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تعلیمی اداروں، دفاتر اور ہجوم والی جگہوں پر حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہیلتھ ورکرز نے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اپنی بھرپور خدمات انجام دی ہیں،محکمہ صحت کوتمام تر وسائل فراہم کرینگے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close