سینسرز کے نظام سے لیس اسمارٹ جنگل راوی ریور پراجیکٹ کا اہم حصہ، سینسرز سے پتہ چل جائے گا کہاں پر درخت کاٹا جا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے افتتاح کر دیا

شیخوپورہ (آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمارٹ جنگل راوی ریور پراجیکٹ کا اہم حصہ ہے، سینسرز اور نگرانی کے نظام سے لیس ہوگا، نئی نسل کیلئے ایک بہتر پاکستان چھوڑ کر جانا ہے، ملک میں جنگلات کو اپنی آنکھوں سے تباہ ہوتے دیکھا ہے، راوی ریور پراجیکٹ لاہور ہی نہیں، پاکستان کیلئے بھی اہم ہے، آلودگی سے بچوں اور بزرگوں کی جانیں خطرے میں ہیں، ن لیگ کی حکومت میں بھی یہ پراجیکٹ نہیں بنایا گیا، سارے لاہور کے سیوریج کا پانی دریائے راوی میں جا رہا ہے، راوی میں جانیوالا سیوریج کا پانی سندھ تک جاتا ہے، پوری دنیا میں پانی کا مسئلہ آنے والا ہے، ، ٹیکنالوجی کے استعمال سے پودوں کی نشونما بھی مانیٹر کرسکیں گے، سینسرز سے پتہ چل جائے گا کہاں پر درخت کاٹا جا رہا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے رکھ جھوک میں پہلے سمارٹ جنگل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کیلئے شجرکاری کا آغاز کیا ہے،آنے والی نسلوں کیلئے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے تو پوری قوم عہد کرے کہ ہم نے پاکستان کو سرسبز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے سامنے جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا، پاکستان میں ہر طرح کا جانور پایا جاتا ہے، جنگلات کے ختم ہونے سے جانور بھی ختم ہو گئے،لاہور کی ماحولیات کو تباہ کردیا ہے،لاہور میں ایسی آلودگی کبھی نہیں دیکھی، لاہور کو باغوں کا شہر سمجھا جاتا تھا، لاہور میں آلودگی سے خوف آتا ہے، اس سے بچوں اور بوڑھوں کی صحت کو خطرہ ہے، پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، راوی میں سیوریج کا گندا پانی ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوی منصوبہ پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم ہے یہ ایک مشکل منصوبہ ہے، اس میں رکاوٹیں آئیں گی،بڑے منصوبے بڑے ارادوں سے مکمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ فاریسٹ منصوبے میں ہواوے کے ساتھ شراکت کر کے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، ہم ہر پودے کی گروتھ دیکھ سکیں گے، سمارٹ فاریسٹ منصوبے کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، پاکستان کی تاریخ میں 2013تک صرف 64کروڑ درخت لگائے گئے جبکہ خیبرپختونخوا میں 2013 سے 2018 تک 1 ارب درخت لگائے گئے،ہم نے اب 10 ارب درخت لگانے ہیں، اس کی تکمیل سے پاکستان کا موسم بدل جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا کو زیادہ متاثر کر رہی ہے، پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، ہمارے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، آلودگی بڑھ رہی ہے، زیر زمین پانی گندا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تحت ایک کروڑ درخت لگائیں گے، سیاحت کیلئے بھی اچھی جگہ میسر آ سکے گی، راوی کے اوپر 3بیراج بنائے جائیں گے، پانی جمع ہونے سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہو گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پانی صاف کرنے کے پلانٹ لگائیں گے،ٹریٹمنٹ کر کے دریائوں میں پانی ڈالا جائے گا جس سے زیر زمین پانی کو گندا ہونے سے بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا جامع منصوبہ بنایا گیا اس سے لوگوں کو دس لاکھ نوکریاں ملیں گی،چالیس ارب ڈالر معیشت میں آئے گا،پاکستان کا پورا بجٹ اس شہر سے حاصل ہو سکے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں