واشنگٹن (آئی این پی )عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب 77 کروڑ ڈالر مل گئے۔آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق آج تاریخی دن ہے اور رکن ممالک نے 650 ارب ڈالر وصول کر لیے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس رقم کی منتقلی سے عالمی معیشت میں اعتماد اور استحکام آئے گا اور عالمی معیشت دوبارہ ابھرے گی۔اعلامیے کے مطابق رکن ممالک اِس رقم کو غیر مشروط طور پر استعمال کر سکتے ہیں تاہم قرض لینے والے ممالک پر منحصر ہے وہ اس رقم کو کس طرح استعمال کریں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک کو منتقل کی گئی رقم زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے یا قرض ادائیگی کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔یہ رقم آئی ایم ایف نے کورونا سے نمٹنے کیلئے رکن ممالک کو جاری کی ہے جس کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی تھی۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو2 ارب 77 کروڑ ڈالرز منتقل کردیے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس رقم کی منتقلی سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند سطح تک پہنچ جائیں گے۔وزارت خزانہ ذرائع نے بتایاکہ اِس قرض کے ساتھ کوئی شرط نہیں رکھی گئی اور شرح سود بھی انتہائی کم ہے، ابھی اس کی واپسی کے وقت کا تعین بھی نہیں کیا گیا جبکہ یہ قرض آئی ایم ایف کی طرف سے دیے پروگرام کا حصہ بھی نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں