جامعہ حفصہ کی چھت پر اسلامی امارات افغانستان کے جھنڈے لہرا دئیے گئے ، اسلام آبادبھر میں کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد،جدہ(پی این آئی)افغان طالبان کی نمائندگی کرنے والے جھنڈے وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے مرکز میں واقع ایک مدرسے کی چھت پر لہرادئیے گئے،نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے دارالحکومت انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے بتایا کہ G-7/3 میں جامعہ حفصہ کی چھت پر اسلامی امارات افغانستان کے چار سے پانچ سفید جھنڈے لہرائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مدرسہ طویل عرصے سے پولیس کی نگرانی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نماز ظہر کے بعد جھنڈے دیکھے گئے اور کچھ دیر بعد دارالحکومت انتظامیہ اور پولیس کو اس کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ یہ مسئلہ متعلقہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا جنہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران مدرسے پہنچے اور اس کی انتظامیہ سے بات چیت کی۔ بعد ازاں نماز عصر سے قبل جھنڈے ہٹا دیے گئے۔دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے عالمی برادری سے افغانستان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس جدہ میں ہوا جس میں افغانستان میں مذاکرات کی حمایت کی گئی اور خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے افغانستان میں آئی ڈی پیزکے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں۔او آئی سی کا کہنا تھا کہ افغان قیادت اور عالمی برادری افغانستان کودوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں