ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں اگست کا مہینہ شروع ہو تے ہی موسم کے حوالے سے عجیب و غریب صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ کہیں شدید بارشیں شروع ہو رہی ہیں، کہیں ریت اور گرد و غبار کی آندھیا ں چل رہی ہیں تو بیشتر مقامات پر ریکارڈ گرمی پڑ رہی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات نے خوش خبری دی ہے کہ اگلے چند روز میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارشیں ہی بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز سے لے کر بدھ تک مکہ مکرمہ، جازان، عسیر، باحہ، ریاض اور نجران کے علاقوں میں شدید بارشیں ہو گی جس سے وادی الدواسر اور الافلاج سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے علاوہ تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔جس سے ڈرائیورز کی حدِ نگاہ متاثر ہو گی۔ ان موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔خصوصاً نشیبی علاقوں اور وادیوں میں کئی کئی فٹ گہرا پانی کھڑا ہو سکتا ہے۔ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہو گی۔ سعود ی محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کر دی ہے کہ اس خراب موسم کے دوران غیر ملکی اور مقامی افراد وادیوں اور نشیبی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں، خصوصاً پکنک کی غرض سے ان مقامات پر ہرگز نہ جائیں کیونکہ پانی کے تیز ریلے کسی بھی گاڑی کو بہا کر لے جا سکتے ہیں۔چند روز قبل ایک سعودی والد اپنی دو بچیوں کے ساتھ وادی عبور کرتے ہوئے اس وقت جان گنوا بیٹھا تھا جب ایک سیلابی ریلا اس کی گاڑی کو بہا کر لے گیا تھا۔ دوسری جانب آج مملکت میں سب سے زیادہ گرمی مدینہ منورہ میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت السودة کے علاقے میں 15 ڈگری سینٹی گریڈتک رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں