اسلام آباد(پی این آئی ) چین نے پاکستان میں متعلقہ محکموں سے حفاظتی اقدامات اور سیکورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ چینی قافے پر حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔ اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات گوادر ایکسپریس وے منصوبے پر چینی عملے کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں ایک چینی زخمی، دو مقامی بچے جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد پاکستانی حکام نے زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ چینی سفارت خانہ دہشتگردی کے اس واقعے کی سختی سے مذمت اور واقعے میں دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔چینی سفارت خانے نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کا علاج کیا جائے ، حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں ہر سطح پر متعلقہ محکموں کو حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی تعاون کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے۔ پے در پے کئی دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں کئی چینی شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود تمام چینی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، حفاظتی احتیاطی تدابیر مزید سخت کریں، غیر ضروری طور پر باہر جانا کم کریں اور سیکوری کے موثر اقدامات کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں