نازیہ حسن فاؤنڈیشن کو برطانوی کمپنیز ہاؤس کی جانب سے تحلیل کر دیا گیا‎

لندن(پی این آئی)نازیہ حسن فائونڈیشن کو یو کے کمپنیز ہائوس کی جانب سے تحلیل کر دیا گیا ہے، موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نازیہ حسن فائونڈیشن (این ایچ ایف)کو چیرٹیبل آرگنائزیشن چلانے کے ذمہ دار ٹرسٹیز اور گلوکارہ نازیہ حسن کے ورثے کو آگے بڑھانے میں غفلت برتنے اور قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکامی کے بعد تحلیل کر دیا گیا ہے۔ چیریٹز ریگولیٹر دی چیرٹی کمیشن نے جیو ٹی وی اور موقر قومی اخبار جنگ کو تصدیق کی ہے کہ اس نے چیرٹیز رجسٹر سے نازیہ حسن فائونڈیشن کو ریموو کرنے کیلئے پراسس کا آغازکر دیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق نازیہ حسن فائونڈیشن کے ٹرسٹیز تقریبا ً1000 دنوں سے چیرٹی کی سالانہ رپورٹس یوکے کمپنیز ہائوس میں جمع کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ گلوکارہ کے انتقال کے دو سال بعد این ایچ ایف کا قیام 2003 میں ایک چیرٹی کے طور پر ایک لمیٹڈ کمپنی کے ذریعے ضمانت کے ساتھ عمل میں آیا تھا۔ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے رپورٹر کو بتایا کہ اس فائونڈیشن کو ان کی والدہ منیزہ بصیر چیئرپرسن کی حیثیت سے چلاتی تھیں لیکن جب سے ان کی طبعیت ناساز ہوئی تو ہم نے اس وقت سے اس کو برطانیہ میں غیر فعال کر دیا تھا۔ دوسری جانب یو کے رجسٹر آف کمپنیز سے پتہ چلتا ہے کہ نازیہ حسن فائونڈیشن غیر فعال نہیں ہے اور اسے کمپلسری سٹرائیک آف کے ذریعے تحلیل کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں