نیب کا یکطرفہ ڈرامہ فلاپ، کرپشن کے بےتاج بادشاہ جہانگیر ترین کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ سینئر سیاستدان کے سنگین الزامات

تیمرگرہ (پی این آئی )عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کےمرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی نے اٹھارویں ترمیم کے زریعے مرکزسے صوبائی خود مختار ی اور پختونوں کے حقوق حاصل کئے ،اب اٹھارویں ترمیم کی خاتمے کی کوشش کی جارہی ہے،اے این پی اٹھارویں ترمیم کے خاتمہ کی بھر پور مذاحمت کرے گی،قومی احتساب بیورو( نیب) کرپشن کے بے تاج بادشا ہ جہانگرین ترین کا احتساب کیوں نہیں کرتا؟نیب کی احتساب کا یکطرفہ ڈرامہ فلاپ ہوچکا ہے،چیئرمین نیب عزت دار سیاست دانوں کی پگڑیاں اچھال رہے اور جانبدار بن چکے ہیں، اس لئے وہ فوری طور مستعفی ہوکر گھر چلے جائیں۔ تحصیل خال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےمیاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی افغانستان میں امن کے خواہاں اور عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے ،باچا خان نے افغانستان کی جنگ کو روس اور امریکہ کا جنگ جبکہ ولی خان نے اسے جہاد نہیں بلکہ فساد قرار دیا تھا، جس کی آرمی چیف نے بھی تائد کرتے ہوئے افغان جنگ کو فساد قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ نے عمران خان کو مسلط کرکے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی کا دور دورہ ہے، عمران خان آئے روز نئے یو ٹرن لیتا ہے،اس نے کہا تھا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینگے اور با ہر ممالک سے لوگ روز گار کے لئے پاکستان آئینگے،انہوں نے کہا تھا کہ قرضہ لینے پر وہ خود کشی کریںگے، عمران خان کی پوری ٹیم دھوکہ باز اور جھوٹی ہے، وزیر اعظم نے کرپشن ختم نہیں کی البتہ کرپٹ ترین لوگوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیا، عمران خان بے اختیار وزیر اعظم ہے ،اصل ختیار کسی اور کے پاس ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک میں آئے روز ٹارگٹ کلنگ ہورہی ہے، لوگوں کو اغواءکرکے قتل کیا جا رہا ہے، ابھی تک حکومت نے ان ٹارگٹ کلرز اور اغوا کاروں کا سراغ نہیں لگایا کہ یہ کون لوگ ہیں؟حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہے، ملک میں دہشت گردوں کے 72تنظیمیں موجود ہیں لیکن حکومت ان کے خلاف کسی قسم کی کارر وائی نہیں کررہی۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی کے دور میں انہیں دہشت گردی کا سامنا تھا لیکن اس کے باوجود اے این پی نے پانچ سالوں میں جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں اس کی مثال گزشتہ 70سالوں میں نہیں ملتی ، اے این پی 100سالہ تاریخ رکھتی ہے اور اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، اے این پی نے کسی ظالم اور جابر کے سامنے سر نہیں جھکایا اور ہر ظلم اور جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، اے این پی وسائل کی منصفانہ تقسیم معاشی اور سماجی انصاف چاہتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک یورنیم ، بجلی ،گیس، کوئلہ ، معدنیات سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،چترال کے پہاڑ وں میں چالیس سال قبل یورنیم اور سونے کی دریافت ہوئی تھی لیکن ابھی تک اس پر کام نہیں ہوا اور ملک کے وسائل پر قوم کا اختیار نہیں، اگر پاکستان کے قدرتی وسائل پر اختیار ملا تو سعودی عرب سمیت دنیا بھر لوگ پاکستان کو نوکری کے لئے آئیں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close