مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک کیس، ڈی آئی جی آپریشنز ، ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ ایس پی کو معطل کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر گریٹر اقبال پارک میں خاتون پر تشدد اور بد سلوکی کے کیس میں غفلت پرتنے پر ڈی آئی جی آپریشنز کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ایس ایس پی آپریشن اور ایس پی کو بھی عہدوں سے ہٹا دیاگیا، دونوں افسران کو سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ڈی ایس پی بادامی باغ سرکل عثمان حیدر کو بھی معطل کردیاگیا۔ ایس ایچ او لاری اڈا محمد جمیل کو بھی عہدے سے فارغ کردیاگیا۔ڈی ایس پی بادامی باغ سرکل عثمان حیدر کو آئی جی آفس اورایس ایچ او لاری اڈے کو ڈسٹرکٹ پولیس لائن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے کیس پر خصوصی اجلاس ہواوزیراعلی عثمان بزدار نے خاتون کے واقعہ اور دیگر واقعات پر پولیس کے ردعمل میں تاخیراور فرائض سے غفلت برتنے پر برہمی کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ خاتون سے دست درازی اور دیگر واقعات کے حوالے سے پولیس کا ردعمل سست رہا ہے۔عوام کو پولیس سے بہت توقعات ہیں اور پولیس کو عوامی امنگوں کے مطابق فرائض سرانجام دینا ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ خاتون سے دست دازی کے واقعے پر ہر دل دکھی ہے۔ خاتون سے دلی ہمدردی ہے،ہر صورت انصاف ہو گا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حتمی ابتدائی رپورٹ وزیراعلی عثمان بزدار کو پیش کی۔ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک واقعے میں ملوث 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس نادرااور فرانزک سائنس ایجنسی کی مدد سے دیگر ملزمان کو ٹریس کر رہی ہے۔اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، آئی جی پنجاب انعام غنی اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔دوسری جانب متاثرہ لڑکی میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لڑکی کے جسم پر نیل اور خراشوں کے نشان پائے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close