واشنگٹن (پی این آئی ) افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاکے بعد کیے گئے سروے میں جوبائیڈن کی مقبولیت کم ترین سطح پر آگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی جانب سے کیے گئے سروے میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں امریکی صدر جو بائیڈن کی مقبولیت میں 7 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ، کابل میں افراتفری پر ان کی پالیسیوں پر تنقید کے ساتھ ہی امریکی صدر کی مقبولیت کی درجہ بندی کم ترین سطح 46 فیصد پر آگئی کیوں کہ افغانستان کے تنازع کو سنبھالنے کی حکمت عملی کے حوالے سے جو بائیڈن کو سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سے بھی بدتر سمجھا جارہا ہے اور کابل سے فوج واپس بلانے کی حکمت عملی پر امریکی صدر پر ڈیموکریٹس اور ریپبلیکنز دونوں کی طرف سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔امریکہ کے سابق نائب صدر مائیک پنس نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکی صدر جو بائیڈن کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا ملک کی خارجہ پالیسی کے لیے توہین آمیز ہے ۔ افغان رہنماؤں سے نئی حکومت بنانے پر مذاکرات کے لیے آمادہ ہوں گے ، ان شرائط کے بعد ہی امریکی افواج نے بتدریج افغانستان سے نکلنا تھا۔اسی طرح افغان جنگ میں شریک ایک سابق امریکی فوجی میٹ زیلر نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے حالات پر مایوسی کا اظہار کیا ، میٹ زیلرکا کہنا تھا کہ 20 سال میں کھربوں ڈالرز اور ہزاروں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد طالبان ایک با رپھر کابل پر قابض ہوچکے ہیں ، 20 سال بعد ‘اب میں یہاں بیٹھا سوچ رہا ہوں کہ کیا میرے پچھلے 20 سال مکمل طور پر بیکار اور بے مقصد تھے، وہ تمام دوست جنہیں میں نے افغانستان میں کھویا، آخر ان کی موت کس لیے ہوئی؟ اگر نتیجہ یہی نکلنا تھا تو پھر انہوں نے کس لیے قربانی دی ، مجھے لگتا ہے کہ اس دوران میں نے کوئی قابل قدر کام کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں