جنید صفدر کی لندن میں شادی، شریف خاندان کیلئے نئی مشکلات کھڑی ہو گئیں

لندن (پی این آئی) سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے نواسے اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی سے متعلق لندن میں مقیم شریف خاندان کے لیے مشکلات کھڑی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کے سربراہ نے نواز شریف کے نواسے کی شادی کے موقع پر ہوٹل کے باہر پُر امن مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا۔پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کے سربراہ نے مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنید صفدر کی شادی کے دن ہوٹل کے باہر22 اگست کو مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ یہ مظاہرہ پُرامن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کرپٹ افراد کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف سے ہو رہی ہے۔عائشہ سیف اور جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کو لندن میں ہوگا۔ نکاح کی تقریب لینزبرو میں ہائیڈ پارک کارنرمیں ہوگی، نکاح کی تقریب کا دعوت نامہ مہمانوں کو بھیج دیا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی منگیتر یونیورسٹی کالج آف لندن کی فارغ التحصیل ہیں، جب کہ محمد جنید صفدر نے بھی برطانیہ سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے ، رشتے کی بات چیت بیگم کلثوم نواز نے اپنی وفات سے قبل طے کروا دی تھی۔ابتدائی طور پر مریم نواز نے عدالت سے بیرون ملک جانے کی اجازت لینے سے متعلق رجوع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل قائد ن لیگ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، نوازشریف اور مریم نواز کے درمیان جنید صفدر کی شادی کی شرکت سے متعلق بات چیت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز لندن میں بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے عدالت سے رجوع کریں گی۔ مریم نواز عدالت سے 2 ہفتوں کیلئے لندن جانے کی اجازت مانگیں گی تاکہ وہ اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی میں شرکت کرسکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close