متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانی ہوجائیں تیار! اماراتی حکام کی جانب سے نئی سفری ہدایات جاری کر دی گئیں

دُبئی (پی این آئی) اماراتی حکام کی جانب سے ریپڈ ٹیسٹ کے حوالے سے دو اہم اعلانات کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان، بھارت ،سری لنکا، نیپال، نائیجریا سے آنے والے افراد کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نوٹیفکیشن کے پہلے اعلان کے مطابق ان ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کو پرواز سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔جبکہ دوسرا اعلان یہ ہے کہ اب ریپڈ ٹیسٹ پرواز سے چھ گھنٹے قبل کروانا ہوگا۔ کورونا کی فوری جانچ کا یہ ٹیسٹ ایئرپورٹس کے اندر ہی کیا جائے گا۔ اس طرح مسافروں کو اب امارات واپس آنے کے لیے سات سے آٹھ گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پر پہنچ کر ٹیسٹ کروانا ہو گا، جس کی رپورٹ نیگیٹو آنے کی صور ت میں ہی امارات واپسی ہو سکے گی، جبکہ مثبت آنے کی صورت میں پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئرلائنز کو ان نئی ہدایات پر عمل درآمد لازمی بنانا ہو گا ۔ دوسری جانب اتھارٹی کی جانب سے یو اے ای واپس آنے والوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جو مندرجہ ذیل ہوں گی:
1۔ جو لوگ امارات واپس آنا چاہتے ہیں، انہیں ٹکٹ کی بکنگ سے قبل ICA کی ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کرنے کی خاطر رجسٹریشن کروانا ہو گی۔
اس مقصد کے لیے ایک آن لائن فارم میں ذاتی کوائف، پاسپورٹ کا نمبر اور دیگر تفصیلات، امارات میں رہائشی پتہ اور ویکسین سے متعلق تفصیل اور دستاویزی ثبوت بھی اپ لوڈ کرنا ہو گا۔
2۔ مسافروں کے لیے ویب سائٹ پر رجسٹریشن 15 اگست سے شروع ہو گی۔
3۔ ٹرانزٹ مسافروں کو ICA UAE Smart ایپ پر اپنی تفصیلات درج کرنی ہوں گی یا پھر ویب سائٹ www.smartservices.ica.gov.ae.کے ذریعے بھی اندراج کروایا جا سکتا ہے۔
4۔ امارات نے ویکسین لگوا چکے مسافروں کو یہ رعایت بھی دی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا اندراج کروائے بھی امارات کا سفر کر سکتے ہیں۔
5۔ تاہم امارات کی جانب سے صرف انہی ویکسین کے سرٹیفکیٹ منظور کیے جائیں گے، جو ویکسینز امارت میں استعمال کے لیے منظور شدہ ہیں۔
یہ سرٹیفکیٹس الحوسن ایپ پر بھی ظاہر ہوں گے۔
6۔ الحوسن ایپ میں اب ایک نیا فیچر یہ شامل ہو گیا ہے کہ کسی بھی شخص کے پی سی آر ٹیسٹ کے رزلٹ اور ویکسی نیشن سٹیٹس پر ’اس کا ’گرین پاس پروٹوکول‘ ظاہر ہو جاتا ہے۔
7۔ الحوسن ایپ پر پی سی آر ٹیسٹ کے سٹیٹس کو تین رنگوں سبز، گرے اور سْرخ میں ظاہر کیا جاتا ہے۔ سبز رنگ کسی شخص کے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ اور اس کی مْدت کے کارآمد ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔
گرے رنگ کا مطلب ہے کہ ٹیسٹ کے کارآمد ہونے کی مْدت ختم ہو چکی ہے جبکہ سرخ کا مطلب ہے کہ فلاں شخص کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، یعنی وہ کورونا کا مصدقہ مریض ہے۔
8۔ اتحا د ایئر ویز نے وضاحت کی ہے کہ وہ پاکستان ، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ابوظبی صرف ٹرانزٹ ویزہ والے مسافروں کو لا رہی ہے، یعنی ایسے مسافر جن کا ابوظبی میں قیام چند گھنٹوں تک محدود ہو گا۔
تاہم سفارتی عملے، اماراتی شہریوں اور گولڈن ویزہ ہولڈرز کو ان تینوں ممالک سے ابوظبی مستقل بنیادوں پر واپس آنے کی اجازت ہو گی۔
9۔ اتحاد ایئر کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں پھنسے دْبئی کے ویزہ ہولڈرز اتحاد ایئرویز کی پروازوں کے ذریعے ابوظبی آ سکتے ہیں۔
10۔ پاکستان بھارت، سری لنکا اور نیپال سے دْبئی جانے والے مسافروں کے لیے شاندار رعایت یہ ہے کہ انہیں دْبئی کا سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ دْبئی کے حکام نے یہ شرط چند روز پہلے ختم کر دی ہے۔ یاد رہے کہ سرٹیفکیٹ سے متعلق یہ رعایت صرف دْبئی کی جانب سے دی گئی ہے، باقی ریاستوں کا سفر کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close