ریاض (پی این آئی)سعودی عرب نے طالبان اور تمام افغان جماعتوں پر زوردیا ہے کہ وہ ملک میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے اور کنٹرول کے ایک روز بعد ٹویٹرپر پہلا بیان جاری کیا اور کہا کہ سعودی عرب افغان عوام کے کسی بیرونی مداخلت کے بغیر انتخاب کے ساتھ کھڑا ہے۔بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ افغانستان میں صورت حال جلد ہی مستحکم ہوجائے گی۔دریں اثناء سعودی عرب نے افغانستان کی موجودہ غیریقینی صورت حال کے پیش نظر کابل سے اپنا تمام سفارتی عملہ نکال لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں افغان دارالحکومت میں واقع اپنے سفارت خانے سے تمام ارکان کو وطن واپس لانے کی تصدیق کی اور کہا کہ تمام سفارت کار اور اہلکار بالکل صحت مند ہیں۔کابل میں طالبان جنگجوئوں کے داخلے اور صدارتی محل پر کنٹرول کے بعد امریکا بھی اپنے سفارت خانے کے سیکڑوں ملازمین کو نکال رہا ہے لیکن کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر افراتفری کی صورت حال اور تشدد کے واقعے میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد تمام کمرشل پروازیں عارضی طور پربند کردی گئیں۔ہوائی اڈے پر ہزاروں افغان اور غیرملکی کمرشل طیاروں پر سوارہونے کی امید میں موجود ہیں۔یہ تمام افراد طالبان کے خوف سے افغانستان سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں لیکن طالبان کے کنٹرول کے بعد دوسرے روز کابل میں مجموعی طور پر صورت حال پرامن بتائی جاتی ہے مگر لوگ ماضی کے مزعومہ خدشات کے پیش نظر ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں