میرا ماضی بے داغ ہے، مستقبل بھی بے داغ اور شاندار ہوگا، آج تک پارٹی نے جوذمہ داری دی اس کو احسن انداز میں نبھایا، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی وفود سے گفتگو

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میرا ماضی بے داغ ہے، مستقبل بھی بے داغ اور شاندار ہوگا، آج تک پارٹی نے جوذمہ داری دی اس کو احسن انداز میں نبھایا، میری کارکردگی اور پارٹی خدمات پر آج تک کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا، آزاد کشمیر خوشحال ہوگا تو مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی ریلیف محسوس کریں گے، ہماری حکومت آزاد کشمیر کے میں ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر علماء کونسل تحریک انصاف آزاد کشمیر و سجادہ نشین پناگ شریف پیر سید عارف حسین شاہ گیلانی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا کمال الدین آزاد کی قیادت میں ملنے والے الگ الگ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسلام آباد میں وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے صدر علماء کونسل آزاد کشمیر و سجادہ نشین پناگ شریف سید عارف حسین شاہ گیلانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پیر سید صفدر حسین شاہ، پیر کبیر گیلانی، ماجد حیدری، حافظ امجد، سید مشتاق گیلانی اور دیگر شامل تھے، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سید عارف حسین شاہ گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے آپ جیسے نڈر، دلیر اور دیانتدار شخص کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنایا، آپ کے وزیر اعظم بننے سے ہمارے پارٹی سے تمام گلے شکوے ختم ہو گئے ہیں، آج ہر طرف آپ کے وزیر اعظم بننے کے فیصلے کو سراہا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور ،چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور دیگر قائدین کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے کو من و عن تسلیم کیا، آپ کے وزیراعظم بننے سے عام سیاسی کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، اب ہر سیاسی کارکن وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ سکتا ہے، آپ کے وزیراعظم بننے سے جو ریاست میں اسٹیس کو ٹوٹا اس سے خطے کی سیاست تبدیل ہو چکی ہے،وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا، آج تک میرے کردار پر کسی نے کوئی انگلی نہیں اٹھائی، جو بھی کام کیا پوری ایمانداری اور نیک نیتی سے، میرا ماضی بے داغ ہے اور مستقبل بھی بے داغ اور شاندار رہے گا، ریاست میں تعمیر و ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں اگلے پانچ سالوں میں عوام کو ایک بدلا ہوا آزاد کشمیر دیں گے، ریاست کو خوشحال بنا کر دنیا کے لیے مثال قائم کریں گے، آزاد کشمیر خوشحال ہوگا تو اسکے اثرات سیز فائر لائن کے اس پار بھی محسوس کیے جائیں گے، مضبوط آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر میں اپنا موثر کردار ادا کرسکے گا، انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے واحد وزیر اعظم جو حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے لیے درد دل رکھتے ہیں، عمران خان کے دور میں مسئلہ کشمیر پاکستانی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست رہا، عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما مولانا کمال الدین آزاد کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی جس میں مولانا مفتی یونس ، مولانا اشفاق و دیگر شامل تھے۔ وفد وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close