افغانیوں کی چانج پڑتال کرنے کا فیصلہ، افغان شہریوں کی باقاعدہ چیکنگ کے بعد ڈیٹا نادرا کو بھجوایا جائیگا

لاہور(پی این آئی) حکومت پنجاب نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں افغانیوں کی چانج پڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا، افغانیوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی اور افغانیوں کا ڈیٹا چیکنگ کے بعد نادرا اور دیگر اداروں کو بھجوایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے لاہورسمیت پنجاب بھر میں افغانیوں کی چانج پڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ڈی آئی جی اپریشنز کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں افغانیوں کی سکروٹنی کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ افغانیوں کی چیکنگ اور میپنگ کیلئے سی ٹی ڈی ، پولیس اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، مشترکہ ٹیمیں افغانیوں کی جانچ پڑتال نادرا کے ساتھ مل کر کریں گی۔ایس ایس پی اپریشنز ندیم عباس کی سربراہی میں افغانیوں کی چیکنگ کی جائے گی اور افغانیوں کا ڈیٹا چیکنگ کے بعد نادرا اور دیگر اداروں کو بھجوایا جائے گا۔دوسری جانب وزارت خارجہ نے داسو دہشتگرد حملے کی تحقیقات کی تمام تفصیلات جاری کردیں، تفصیلات میں بتایا گیا کہ داسو دہشتگرد حملہ 14 جولائی کو ہوا، 10 چینی، 3 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے، پاکستان نے دہشتگرد حملے کی جامع تحقیقات کیں، ہر موقع پر نتائج سے چین کو آگاہ کیا۔ دہشتگرد حملے میں ملوث نیٹ ورک کو افغانستان میں را اور این ڈی ایس کا تعاون حاصل تھا، کالعدم ٹی ٹی پی سوات نے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ایما پر حملہ کیا۔دہشتگرد حملے کی تمام تر منصوبہ بندی، مواد کی فراہمی افغانستان میں ہوئی، دھماکہ استعمال ہونے والی گاڑی افغانستان سے پاکستان لائی گئی۔ گاڑی میں دیسی ساختہ بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، خودکش حملہ آور خالد عرف شیخ کو افغانستان میں تربیت دی گئی، خالد عرف شیخ کو خودکش حملے کے لیے افغانستان سے پاکستان لایا گیا، دہشتگرد حملے میں ملوث چند عناصر گرفتار کر لیے گئے، بقیہ افغانستان میں ہیں۔ افغان حکومت کو باہمی قانونی معاونت کی استدعا کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close