پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا ، صدر مملکت

اسلام آ باد (آئی این پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا ، پاکستان اور ترکی بین الاقوامی امور پر ہم خیال ہیں ،پاکستان افغانستان میں طویل جنگ سے شدید متاثر ہوا ، افغانستان میں قیام ِ امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو پہنچے گا۔ تفصیلات کے مطابق ترک وزیر دفاع نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔ ترک وزیر دفاع نے ترک صدر کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی کو دورہ ترکی کا دعوت نامہ پیش کیا۔ ملاقات کے موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بین الاقوامی امور پر ہم خیال ہیں جبکہ اسلامی دنیا کو مختلف مسائل اور گھمبیر حالات کا سامنا ہے۔ پاکستان افغانستان میں طویل جنگ سے شدید متاثر ہوا ہے اور افغانستان میں قیام ِ امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے مخلصانہ کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر اور ایف اے ٹی ایف معاملے میں حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور فوجی تربیت سمیت دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close