پاکستانی کمپنی کو دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون کمپنی کیلئے سمارٹ فون تیار کرنے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستانی کمپنی کو دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی کیلئے سمارٹ فون تیار کرنے کا اجازت نامہ مل گیا، ملک میں موبائل فون مینوفکچرنگ کے شعبے میں ہزاروں نوکریاں پیدا ہونے کا امکان- تفصیلات کےمطابق پی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021ء کے تحت، لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو کورین موبائل ساز کمپنی سام سنگ کے موبائل کی تیاری کے لیے اجازت نامہ جاری کر دیا۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق مذکورہ کمپنی نے کراچی میں سام سنگ برانڈ کی موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت لینے کے لیے درخواست دی تھی۔ پی ٹی اے کی طرف سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو تھری جی اور فور جی موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دے دی گئی ہے، ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ موبائل نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گے، بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ملنا ایک اہم کام یابی ہے، موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس کے قیام سے پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت موبائل فون سیٹ کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔دوسری جانب چین کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنیوں میں سے ایک ویوونے پاکستان میں اپنا پہلا مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔اس مینوفکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کے لیے چینی کمپنی کی جانب سے 10ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی۔ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بلکہ پاکستان میں سمارٹ فونز کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔ویوو کے پاکستان میں لگائے جانے والے اس پلانٹ میں نہ صرف سمارٹ فونز تیار کیے جائیں گے، بلکہ ویوو موبائل کی دیگر اسیسریز بھی تیار کی جائیں گی۔چینی میڈیا کے مطابق یہ ویوو کمپنی کی جانب سے سمارٹ فونز کی تیاری کیلئے لگایا جانے والے پلانٹ کے لیے فیصل آباد کے انڈسٹریل اسٹیٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔ویوو کمپنی کے ترجمان کے مطابق ہمسایہ ملک بھارت میں بھی ویوو کی جانب سے پہلے بھی 10ملین ڈالر کی لاگت سے پلانٹ لگایا جا چکا ہے۔دوسری جانب گزشتہ دنوں دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی سیم سانگ نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close