قومی ائیرلائن نے فضائی مسافروں کو بڑی خوشخبری سنا دی

کراچی (پی این آئی) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے جشن آزادی کی خوشی میں خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا گیا ہے ، جس کے تحت مسافروں کے لئے جشن آزادی کے موقع پر تمام اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن کی خصوصی ڈسکاؤنٹ کی یہ پیشکش 14 سے 16 اگست تک سفر کرنے پر محدود رہے گی ، جس کے لیے ٹکٹس اب فوری فروخت کے لئے دستیاب ہیں۔علاوہ ازیں پی آئی اے کی جانب سے سیالکوٹ سے دبئی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے ، یہ خصوصی پروازیں 12 اور 13 اگست کو سیالکوٹ سے دبئی روانہ ہوں گی ، مسافروں کے لیے کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت سیالکوٹ ائیر پورٹ پر مہیا کی جائے گی ، پی سی آر ٹیسٹ کے پیش نظر مسافر کم از کم 5 گھنٹے قبل ائیر پورٹ تشریف لائیں۔اس سے پہلے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے کوئٹہ سے پشاور اور پشاور سے کوئٹہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی جانب سے 6 اگست سے کوئٹہ سے پشاور اور پشاور سے کوئٹہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ، جس کے مطابق ہر جمعہ اور پیر کو ہفتے میں دو بار کوئٹہ سے براہ راست پشاور کے لئے پرواز ہو گی۔واضح رہے کہ کرونا بحران کے دوران پی آئی اے نقصانات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، اس سلسلے میں قومی ائیرلائن کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران کئی مقامی روٹس پر پروازوں کا آغاز کیا گیا ، پی آئی اے کی حالت میں بہتری لانے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قومی ائیرلائن کو چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ایئر لائن کی معاشی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مختلف غیر ملکی سیکٹرز پر پروازوں کا آغاز اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close