انتخابات میں دھاندلی کے الزامات دور کرنے کے لئے ای وی ایم کا استعمال ناگزیر ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات دور کرنے کے لئے ای وی ایم کا استعمال ناگزیر ہے، ای وی ایم کے استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنے کے لئے عوامی سطح پر رائے عامہ ہموار کرنے کی کوششوں میں وزارت پارلیمانی امور اور وزارت اطلاعات مل کر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزارت پارلیمانی امور میں کابینہ کمیٹی برائے ای وی ایم و آئی ووٹنگ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 1970سے ہونے والے ہر انتخاب میں دھاندلی کے الزامات لگتے رہے ہیں، اس حوالے سے ہمیں ایک میکنزم تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بات کرنی چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ای وی ایم ٹیکنالوجی کے حوالے سے تمام کام مکمل ہو چکا ہے، اس ٹیکنالوجی سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کی دی گئی شرائط پر پورا اترتی ہیں، ان مشینوں میں الیکٹرانک ووٹنگ کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ پیپر ریکارڈ بھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ای وی ایم پر کرانے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، اپوزیشن کے ساتھ معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ وزارت اطلاعات ای وی ایم کے استعمال اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت کے حوالے سے موجودہ حکومت نے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں، ای وی ایم ٹیکنالوجی انتخابات میں شفافیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ قبل ازیں اجلاس میں ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق عوام اور سیاسی جماعتوں میں آگاہی مہم شروع کرنے کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں ماضی میں ہونے والے انتخابات بالخصوص 2018کے عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرنے، سال 2000سے لے کر اب تک انتخابات پر ہونے والے اخراجات، ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کے اعتراضات، ای وی ایم کے حوالے سے شفافیت کو اجاگر کرنے سے متعلق ویڈیو پیکیج پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات اور وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے ای وی ایم کی شفافیت کے بارے میں شروع کی جانے والی میڈیا مہم کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے۔ اجلاس کو ای وی ایم سے متعلق اہم نکات اور اس بارے میں تحفظات دور کرنے، مالیاتی امور اور ٹیکنالوجی کے تفصیلی تعارف کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیاگیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں میں ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق آگاہی دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں