اب نوازشریف کے پاس وطن واپس آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، سابق وزیراعظم کو خبردار کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیرمملکت فرخ حبیب نےکہاہےکہ برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ویزے کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کرنا ن لیگ کے قائد نواز شریف کیلئے باعث شرم ہے، اب ان کے پاس وطن واپس آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں، نواز شریف سے کچھ بھی بعید نہیں، وہ احتساب سے بچنے کیلئے سیاسی پناہ لینے کی درخواست دینے سمیت کوئی بھی اقدام اٹھا سکتے ہیں لیکن موجودہ حکومت لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رکھے گی، حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ بات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم این آر او کے علاوہ تمام اہم قومی ایشوز پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں، اپوزیشن کو چاہیے کہ پارلیمنٹ میں آ کر انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےفرخ حبیب نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو علاج کیلئے آٹھ ہفتوں کی ضمانت دی تھی لیکن دو سال ہونے کو ہیں وہ واپس آنے کیلئے تیار نہیں ہیں، نواز شریف علاج کرانےکی بجائےلندن میں پرطعیش زندگی گزار رہے ہیں،یہاں پر ان کی پلیٹ لیٹس کے بارے روزانہ کی بنیاد پراَپ ڈیٹ دی جاتی تھی لیکن لندن جانےکےبعدانہوں نےکوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی،ن لیگ جن میڈیکل رپورٹس کی بات کر رہی ہے ان میں کچھ بھی نہیں ہے، انہی رپورٹس کی بنیاد پر عدالت نے انہیں مفرور اور اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی عادت ہے جو فیصلے ان کو سوٹ کرتے ہیں ان کو یہ قبول کر لیتے ہیں اور جو فیصلے ان کے خلاف آئے ہیں ان پر سوالات اٹھانا شروع کر دیتے ہیں، انہی عدالتوں سے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی خصوصی سہولت ملی اور شہباز شریف ضمانت پر رہا ہوئے، عدالتوں نے سزا یافتہ نواز شریف کی اپیلیں ختم کر کے ان کی سزائیں بحال کیں لیکن وہ لندن میں بیٹھ کر ملک کے آئین و قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں سمیت دیگر قومی ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں، بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل بلاتفریق جاری رہے گا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا آپس میں مک مکاتھا، اُنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں اور اثاثے بنائے، ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف نے قطری خط اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی جو پوری قوم نے دیکھا، حدیبیہ پیپر مل کیس کی ایک دن بھی میرٹ پر سماعت نہیں ہوئی ، ٹیکنیکل بنیادوں پر اسے بند کیا گیا۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اب ڈیجیٹلائزیشن کا زمانہ آ گیا ہے، 20 ممالک کے اندر ای وی ایم ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے جبکہ 120 ممالک میں اوورسیز کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا حق حاصل ہے یہاں پر کیوں نہیں دے سکتے؟ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، اپوزیشن پارلیمنٹ میں اہم قومی ایشوز سمیت انتخابی اصلاحات، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کردار ادا کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close