امریکہ کی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی، پاکستان کا خیر مقدم

واشنگٹن /اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کر دی ہے جس کا پاکستان نے خیر مقدم کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے اپنی نئی ٹریول ایڈوائزری کو لیول فور سے لیول تھری کردیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے سفر نہیں کریں سے اپ گریڈ کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ٹریول ایڈوائزری کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی اور انسداد عسکریت پسندی کے لیے موثر آپریشنز کیے اور 2014 کے بعد سے پاکستان کا سکیورٹی ماحول بہتر ہوا ہے۔امریکی شہریوں پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی اور فرقہ ورانہ تشدد کی وجہ سے پاکستان کے سفر پر نظرثانی کریں’ تاہم اس میں کووڈ 19 کی وجہ سے اضافی احتیاط کی تجویز دی گئی کیونکہ کچھ علاقوں میں خطرہ بڑھ گیا ہے۔محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور اغوا کی وجہ سے سابق فاٹا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا سفر نہ کریں۔ایڈوائزری میں دہشت گردی اور مسلح تصادم کے امکان کی وجہ سے کنٹرول لائن کے قرب و جوار میں سفر نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو اپنی ٹریول ایڈوائزری میں نظر ثانی کرتے ہوئے لیول تھری میں شامل کیا ہے۔ ہفتے کو وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ درست سمت میں ایک قدم ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی ی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس پر بہتر طریقے سے قابو پایا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close