قومی خزانہ لبالب بھرنے کی تیاری، کہاں سے کروڑوں ڈالرز آنے والے ہیں؟ خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی) قومی خزانہ ڈالرز سے بھرنے کی تیاریاں، زرمبادلہ ذخائر میں زبردست اضافے کا امکان، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بڑے فنڈ کی منظوری دے دی، پاکستان کو 9 ارب ڈالرز کے خصوصی فنڈ میں سے حصہ ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو دسمبر2020 میں شروع کئے جانے والے 9 ارب ڈالر مالیت کے ایشیاء پیسیفک ویکسین فنڈ تک رسائی کی سہولت کے پروگرام کے تحت 50کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو یہ رقم کورونا ویکسین پروگرام کیلئے فراہم کی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے نیشنل ڈپلائمنٹ اینڈ ویکسینیشن پلان کیلئے معاون ہوگا۔ اے ڈی بی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے سے کوویڈ ویکسین کی 39 لاکھ80 ہزارخوراکیں ، سیفٹی باکس اور سرنجیں حاصل کی جاسکیں گی۔پاکستان کو یہ رقم اے ڈی بی کے دسمبر 2020 میں شروع کئے جانے والے 9 ارب ڈالر مالیت کے ایشیاء پیسیفک ویکسین تک رسائی کی سہولت کے پروگرام کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی بڑا فنڈ ملنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے رکن ممالک کیلئے 650 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ممبر ممالک کو کورونا پر قابو پانے کے لیے فنڈنگ میں اضافہ کیا گیا ہے، فنڈنگ کے ذریعے ترقی پذیر اور غریب ممالک کو 275 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے فنڈنگ کی منظوری دے دی ہے اور تمام ممبر ممالک کیلئے فنڈنگ 23 اگست سے دستیاب ہوسکے گی۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس فیصلے سے 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے اور یہ رقم رواں ماہ کے آخر تک ملنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close