برطانیہ نے نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی، مریم اورنگزیب کی تصدیق

لندن (آئی این پی ) برطانیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ،نواز شریف نے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی،برطانوی قانون کے مطابق نواز شریف کے پاس برطانیہ چھوڑنے کے لیے چند دن ہیں،نواز شریف کو ویزا توسیع کیلئے دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں وہ برطانوی امیگریشن میں اپیل کرسکتے ہیں اپیل مسترد ہونے پر برطانوی عدالتوں میں بھی جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پاسپورٹ پہلے ہی حکومت پاکستان مسترد کرچکی ہے۔ادھرترجمان مسلم لیگ(ن)مریم اورنگ زیب نے تصدیق کرتے ہوئے نواز شریف کے برطانیہ میں قیام سے متعلق اہم بیان میں کہا کہ برطانوی محکمہ داخلہ نے قائد نوازشریف کے ویزے میں مزید توسیع سے معذرت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبیونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے وکلا نے برطانوی امیگریشن ٹریبیونل میں اپیل دائر کردی ہے اور اس اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیر موثر رہے گا۔مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ اپیل پر فیصلہ ہونے تک نوازشریف برطانیہ میں قانونی طورپر مقیم رہ سکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری کو ختم ہوچکا ہے اور انہوں نے درخواست نہیں دی، وہ اب پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ پاکستان آنا چاہیں تو 24 گھنٹوں میں پاسپورٹ مل سکتا ہے، صرف سفارت خانے ان کو پاکستان آنے کے لیے این او سی جاری کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی برطانیہ میں 6 ماہ قیام کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی جس پر انہوں نے اپنے علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مزید قیام کے لیے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں