لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ جب تک ان کا علاج مکمل نہیں ہوجاتا وہ پاکستان واپس نہ آئیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ٹیلی فون پر نوازشریف سے رابطہ کیا اور برطانوی ہوم آفس کے فیصلے سے متعلق بات چیت کی۔ نوازشریف نے شہبازشریف کو ہوم آفس کے فیصلے پر قانونی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کے وکلاء نے ہوم آفس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ہے جس میں نوازشریف کی طبی وجوہات اورعلاج کی بناء پر برطانیہ میں قیام کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔اس موقع پر شہبازشریف نے نوازشریف سے اصرار کیا کہ وہ مکمل علاج اور ڈاکٹروں سے اجازت ملنے تک برطانیہ میں ہی قیام کریں۔ “قوم اور پارٹی کو آپ کی صحت وسلامتی سب سے زیادہ عزیز اورمقدم ہے، پوری قوم اور پارٹی آپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔”خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برطانوی حکومت کو اپنے ویزہ کی مدت میں توسیع کی درخواست دی تھی تاہم برطانوی وزارت داخلہ نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ برطانوی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ نوازشریف فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹربیونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں