اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا اور کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیا ں

لاہور (آن لائن)اینٹی کرپشن نے قبضہ مافیا اور کرپٹ سرکاری ملازمین کے خلاف کاروائیا ں کرتے ہوئے محکمہ انہار کی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزارکروانے کے ساتھ ساتھ دو پٹواریوں سمیت ہزاروں روپے رشوت بٹورتے تین سرکاری ملازمین اورسرگودھا سے ایکسائز انسپکٹر ہزاروں روپے رشوت لیتے ہو ئے گرفتارکرکے مقدمات درج کرلئے ۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق ویہاڑی کے علاقہ موضع مغل سے محکمہ انہار کی 125 ایکڑ زرعی اراضی واگزارکروالی ،با اثر قبضہ مافیا سے واگزار شدہ زمین کی مالیت اٹھارہ کروڑ روپے ہے۔ اینٹی کرپشن کی سربراہی میں محکمہ انہار، محکمہ مال اور ضلعی پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ قابضین کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ واگزار شدہ زمین محکمہ انہار کے حوالے کردی گئی۔ تاوان کی وصولی کے لئے متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کر دیں۔ سرائے عالمگیر کے حلقہ نو سے سرفراز احمد پٹواری رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے خورشید احمد پٹواری کو مقدمہ نمبر 2/21 میں گرفتار کر لیا۔ ملزم خورشید پٹواری سے کنورژن فیس کے بقایاجات کی مد میں دس ہزار سے زائد رقم وصول کر کے خزانہ سرکار میں جمع کرادی۔ اینٹی کرپشن کا محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا پر بھی اچانک چھاپہ مارکر سرگودھا سے ایکسائزانسپکٹر صفدر جنگ کو پندرہ ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ ملزم صفدر جنگ کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close