موسلا دھار بارشوں کیلئے تیار ہو جائیں، محکمہ موسمیات نے بارشیں برسانے والے نظام سے متعلق اہم پیش گوئی کر دی

لاہور (پی این آئی)لاہور والے موسلا دھار بارشوں کیلئے تیار ہو جائیں ،محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارشیں برسانے والے نظام سے متعلق اہم پیش گوئی کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں آج بھی بادلوں کا راج برقرار رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز بارش کی نوید سنا دی ہے، بارشیں برسانے والا موجودہ نظام جمعرات تک لاہور میں قیام پذیر رہے گا۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، فیصل آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا ہے، جس کے تحت اگلے چند روز تک وقفے وقفے سے بارشیں ہو سکتی ہیں۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز لاہور میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جل تھل ایک ہو گیا ۔شدید بارش سے جیل روڈ، شادمان ،جوہر ٹائون، مال روڈ، سمن آباد، گلشن روای،گلبرگ ، گڑھی شاہو، محمد نگر، شاد باغ ، ٹھنڈی کھوئی سمیت مختلف علاقوں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ کئی مقامات پر شاہراہوں بھی پانی میں ڈوب گئیں جس سے شہریوں کی گاڑیاں او رموٹر سائیکلیں بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جبکہ ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ۔بتایا گیا ہے کہ کچھ دیر کی بارش نے سروسز ہسپتال کو بھی پانی سے بھر دیا، سروس ہسپتال کے تہہ خانے میں پانی داخل ہوگیا جبکہ ہسپتال کی پارکنگ بھی تالاب کا منظر پیش کرتی رہی۔ بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثرہوا ،درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوںمیں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا اگلا سپیل اگست میں پنجاب کا رخ کرے گا، اس سپیل میں اچھی بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم کشمیر، اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔پیر کے روز خطۂ پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔گزشتہ چوبیس گھنٹے میں بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔کاکول 47، مالم جبہ 45، دیر 30)، پارا چنار 17، کالام 07، پٹن 03، سیدو شریف 02، لاہور 20، سیالکوٹ 19، مری 05، اوکاڑہ 03، گوجرانوالہ 02، ژوب 12، سبی 11، گڑھی دوپٹہ 10، راولا کوٹ 07، مظفر آباد 02، گلگت بلتستان 04، بگروٹ، بونجی، بابو سر 03، گوپس، بونجی، گلگت 02 اور استور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں